اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مذاکرات سے انکار نہیں کر رہے، تاہم مذاکرات غیر مشروط ہونے چاہئیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک و قوم اور جمہوریت کے لیے مذاکرات کا کامیاب ہونا ناگزیر ہے، وزیراعظم نے مذاکرات کی مشروط پیشکش کی ہے جبکہ حکومت ہم پر قدغنیں لگا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے باہر نکل کر اندر کی چیزیں بیان کیں، جتنا وقت پریس کانفرنسز پر لگایا گیا، اتنا وقت مذاکرات پر لگایا ہوتا تو مسئلہ حل ہو جاتا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا کہ لانگ مارچ ختم کرنے کی کنجی بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔
شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف صرف ذرائع ابلاغ پر مذاکرات، مذاکرات نہ کھیلیں، اختیارات ہیں تو اپوزیشن کے جائز مطالبات تسلیم کریں۔

