واشنگٹن :ٹرمپ نے کیٹی زکریا کو وائٹ ہاؤس کی نئی ترجمان نامزد کر دیا

واشنگٹن (اے پی، رائٹرز، سی بی ایس نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قدامت پسند مبصر کیٹی زکریا کو وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری نامزد کر دیا ہے۔ وہ کیرولین لیویٹ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جنہوں نے اگست میں یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے کیٹی زکریا کو وفادار اور ابتدا ہی سے اپنی حمایت کرنے والی شخصیت قرار دیا۔

کیٹی زکریا اس وقت ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ میں سینئر ابلاغی مشیر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ یہ ادارہ صدر ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کا انتظام سنبھالتا ہے۔ وہ اس سے قبل امریکی محکمۂ داخلی سلامتی میں ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں، جبکہ فاکس نیوز اور نیوز میکس پر قدامت پسند مبصر کی حیثیت سے بھی سامنے آتی رہی ہیں۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ کیٹی زکریا ان کی انتخابی مہمات میں شامل رہی ہیں اور اہم مقابلے والی ریاستوں میں ان کی معاونت کرتی رہی ہیں۔ ان کے مطابق ان ریاستوں میں کامیابی حاصل کرنے میں زکریا نے کردار ادا کیا۔ صدر نے توقع ظاہر کی کہ وہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کی حیثیت سے ذرائع ابلاغ، امریکی عوام اور انتظامیہ کے ساتھ مؤثر انداز میں کام کریں گی۔

کیٹی زکریا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے 250 سالہ تاریخی سنگِ میل کے موقع پر صدر اور امریکی عوام کی خدمت کرنا ان کی زندگی کا بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وائٹ ہاؤس کے صحافیوں اور ملک بھر کے صحافتی اداروں کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہیں تاکہ انتظامیہ کی کارکردگی اور اقدامات عوام کے سامنے پیش کیے جا سکیں۔

وائٹ ہاؤس کی سابق ترجمان کیرولین لیویٹ نے اگست میں عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وہ یکم نومبر سے فاکس نیوز میں بطور مبصر کام شروع کریں گی۔