ورلڈ انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان کی مسلسل دوسری فتح، ازبکستان کو شکست

تاشقند (اسپورٹس ڈیسک) — پاکستان انڈر 19 بوائز والی بال ٹیم نے عالمی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ازبکستان کو تین-صفر (0-3) سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کر لی۔

ورلڈ انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں جاری ہیں، جہاں پاکستان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ قومی جونیئر ٹیم کی اس فتح میں نوجوان کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی بھی نمایاں رہی۔

پاکستانی ٹیم نے تینوں سیٹس میں میزبان ٹیم کو بالترتیب
23-25
18-25
21-25
سے ہرایا۔ یہ فتح پاکستان کی اس ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔

نمایاں کھلاڑیوں کی کارکردگی:محمد یحییٰ: 24 پوائنٹس،محمد سعود: 10 پوائنٹس،مہتاد علی اور اجمل جنید: 9،9 پوائنٹس

اگلا مقابلہ:پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنا تیسرا میچ 26 جولائی کو ترکیہ کے خلاف کھیلے گی۔

قومی جونیئرز کی یہ کارکردگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان انڈر 16 ٹیم نے بھی 19 جولائی کو تھائی لینڈ میں ایشین انڈر 16 چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ اس موقع پر پاکستان نے فائنل میں ایران کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

پاکستان والی بال فیڈریشن اور مداحوں کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کی اس شاندار کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ انڈر 19 ٹیم عالمی مقابلوں میں مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں