ٹرمپ ایران کیخلاف جنگ میں کوئی مقصد حاصل نہیں کرسکے:عباس عراقچی

تہران (پریس ٹی وی) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بہت پہلے سمجھ جانا چاہیے تھا کہ وہ ایران کے خلاف جنگ میں اپنے کسی بھی مقصد کے حصول میں ناکام رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکیں گے۔

عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل نے امریکا کو ایک نہ ختم ہونے والی جنگ میں دھکیل دیا ہے۔ ان کے مطابق امریکی عوام طویل جنگوں سے تنگ آچکے ہیں اور خطے میں بھی اس جنگ کے خلاف شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو جلد احساس ہوجائے گا کہ ایران پر پابندیاں عائد کرنے اور معاشی دباؤ ڈالنے کا راستہ اختیار کرکے انہوں نے غلط فیصلہ کیا ہے۔ایرانی وزیرِ خارجہ نے زور دیا کہ ایران کے خلاف جنگ نہ فوجی کارروائیوں سے ختم ہوگی اور نہ ہی پابندیوں میں اضافے سے، بلکہ اس کا واحد راستہ احترام کے ساتھ سفارت کاری اور ایران کے مطالبات و شرائط تسلیم کرنا ہے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے پیش کردہ دو روزہ تجویز اب بھی برقرار ہے، جس کے تحت آبنائے ہرمز کی بحالی اور تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی اقدامات ضروری ہیں۔