پاکستان کی انٹرنیشنل باکسنگ سین پر واپسی، خالد محمود ساؤتھ ایشین بورڈ کے رکن منتخب

بھارت کے اجے سنگھ کو نو کے مقابلے اٹھارہ ووٹ کے بھاری مارجن سے شکست دیکر قومی پرچم سر بلند کر دیا

پاکستان کی انٹرنیشنل باکسنگ سین پر طویل عرصہ بعد واپسی، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود ایشین باکسنگ ساوتھ ایشیا بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن منتخب ہو گئے، خالد محمود نے الیکشن میں بھارت کے اجے سنگھ کو شکست دے کر قومی پرچم سر بلند کر دیا۔ بنکاک میں منعقد ہونے والے ایشین باکسنگ کے سالانہ اجلاس میں خالد محمود نے بھارت کے اجے سنگھ کو 9 کے مقابلے 18 ووٹ سے شکست دی۔ خالد محمود کی کامیابی بین الاقوامی کھیلوں کی قیادت میں پاکستان پر بڑھتے ہوئے علاقائی اعتماد کا اظہار ہے۔ خالد محمود کا انتخاب نہ صرف اولمپک باکسنگ بلکہ ایشیا میں بھی کھیل کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے پروفیسر انور چودھری طویل عرصہ تک انٹرنیشنل ایمچور باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر رہے تاہم ان کے انتقال کے بعد انٹرنیشنل سطح پر باکسنگ میں ملک کی نمائندگی نہ رہی جس کے باعث ایشیائی اور اولمپک گیمز میں پاکستان کوئی میڈل بھی نہ جیت سکا۔ خالد محمود کے انتخاب سے ایک مرتبہ پھر نہ صرف انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی واپس آۓ گی بلکہ ملک میں بھی باکسنگ کو فروغ حاصل ہوگا۔ خالد محمود کا شمار پاکستان کے سینئر ترین سپورٹس آرگنائزر میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستان واپڈا سپورٹس بورڈ کو زیرو سے عروج پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکریٹری کی حیثیت سے بھی ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں