ہاکی کو بدنام کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نبٹا جاۓ گا۔ سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کی پریس کانفرنس
لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد نے کہا ہے کہ بھارت میں شیڈول ایشیاء کپ سمیت ہاکی ایونٹس کیلئےحکومتی ہدایات کا انتظار ہے، حکومت جو کہے گی اس پر من و عن عمل کریں گے۔ وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ ۔ ڈی جی پی ایس بی یاسر پیر زادہ اور دیگر کا ہاکی کی سرپرستی پر شکر گذار ہیں۔ کچھ نادان اور بے خبر لوگوں نے ہاکی کو بدنام کرنے کا مشن شروع کر رکھا ہے، ان لوگوں کو یہ بھی معلوم نہیں کہ فیڈریشن کے پاس فنڈز کہاں سے آتے ہیں اور انہیں خرچ کیسے کیا جاتا ہے تاہم میں یہاں واضع کرنا چاہتا ہوں ہاکی کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نبٹاجاۓ گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوۓ انہوں نے کہا کہ نیشنز کپ اور انڈر 18 ایشیا کپ کے علاوہ کھلاڑیوں کو باقی ٹورنامنٹس کے ڈیلی الاؤنس مل گئے ہیں۔ ہم نے ایک ارب یا 70 کروڑ روپے کی رقم کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ سیکریٹری آئی پی سی اور ڈی جی پی ایس بی سے میٹنگ میں طے پایا ہے کہ ہم نے اخراجات کی تفصیل بنا کر دینی ہے۔ ہاکی کے لیے کم ازکم سالانہ 75 کروڑ روپے کا بجٹ درکار ہے۔ سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پرو لیگ کے لیےاکیس جولائی تک نیوزی لینڈ سے جواب مانگ رکھاہے، نیوزی لینڈ کے انکار کی صورت میں پاکستان کو موقع ملے گا۔
ہم سے ایف آئی ایچ نے اپنی دستیابی مانگ رکھی ہے۔ رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ قومی کھیل پر توجہ دینے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شکر گذار ہیں۔ انڈر 18 ایشیا کپ، جونیئر ایشیا کپ اور نیشنز کپ میں پاکستان کی ٹیموں نے فائنل کھیلے ہیں۔ ہماری ٹیموں کی اچھی کارکردگی پر ٹیموں کی تعریف کی بجائے تنقید کی جارہی ہے۔ ہم نے 18 ویں رینکنگ سے شروع کیا اور ہم 12 نمبر پر آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے ہماری حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اس پر عمل کریں گے۔ ٹیم کو ایشیا کپ کے لیے بھارت بھجوانے کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم پاکستان کریں گے۔

