پی ٹی آئی کی حکومت کو مذاکرات کی پیشکش، بانی کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد، لاہور(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کو مذاکرات کی دوبارہ پیشکش کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف گورنر راج کے امکان سے متعلق بیانات سامنے آئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کردیا جائے تو حکومت سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ملتوی کرکے حکومت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کے لیے مزید وقت دیا گیا ہے، حکومت نے اب تک مذاکرات کا کوئی اشارہ نہیں دیا، تاہم دہشت گردی کی حالیہ لہر اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ تمام فریق مل بیٹھ کر بات کریں۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے نتیجے میں کوئی فیصلہ ہوا تو پی ٹی آئی اس کی پاسداری کرے گی، جبکہ لانگ مارچ کسی پس پردہ رابطے کی وجہ سے ملتوی نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ کوئی اور آپشن چلے یا نہ چلے، سہیل آفریدی نہیں چلے گا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے اقدامات کے باعث گورنر راج کے تمام قانونی تقاضے پورے ہوچکے ہیں اور گورنر راج ایک آئینی آپشن ہے۔

امیر مقام نے سرکاری افسران سے اپیل کی کہ وہ سہیل آفریدی کے احکامات نہ مانیں۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی کہا کہ اگر آئین کے مطابق گورنر راج کے تقاضے پورے ہو رہے ہیں تو گورنر راج لگے گا اور لگنا بھی چاہیے۔ادھر لانگ مارچ کے باعث بند کیے گئے پنجاب اور خیبر پختونخوا کو ملانے والے تمام راستے کھول دیے گئے ہیں، تاہم مختلف مقامات پر کنٹینرز اب بھی موجود ہیں۔