یمنی فوج کا حوثیوں کے خلاف 72 گھنٹوں میں 756 کارروائیوں کا دعویٰ

صنعا(رائٹرز، عرب میڈیا) یمن میں حوثی ملیشیا اور حکومتی افواج کے درمیان لڑائی جاری ہے، یمنی فوج نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران حوثی ٹھکانوں اور جنگجوؤں کے خلاف 756 کارروائیاں کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

یمنی فوج کے ترجمان ماجد النزیلی کے مطابق کارروائیوں کے دوران حوثی ملیشیا کے 2 ہزار 316 جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے۔ ان کارروائیوں میں حوثیوں کی فوجی گاڑیوں، میزائل لانچروں، اسلحہ کے ذخائر اور دیگر فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا گیا۔

یمنی فوج کے مطابق کارروائیاں کتاف والبقع، علب، الجوف، مارب، البیضاء، لحج اور تعز کے محاذوں پر کی گئیں۔یمنی فوج نے مزید دعویٰ کیا کہ آج کی کارروائیوں میں حوثی ملیشیا کے 5 جنگجو ہلاک اور 13 زخمی ہوئے، جبکہ الجوف میں حوثیوں کی گاڑیوں اور جنگجوؤں کے اجتماعات کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

رائٹرز کے مطابق حوثیوں کی جانب سے یمنی فوج کے ان دعوؤں پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے 5 صوبوں میں 26 فضائی حملے کیے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔