تہران (خبر ایجنسی فارس، ایرانی میڈیا)ایرانی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2 امریکی کمرشل جہاز آبنائے ہرمز کے جنوب میں واقع پتھریلے حصے میں پھنس گئے ہیں۔فارس نیوز ایجنسی کے مطابق یہ تجارتی جہاز امریکی مشورے پر آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ پانی کے اندر موجود چٹانوں میں پھنس گئے۔
رپورٹ کے مطابق عمان کے ساحل کے قریب یہ علاقہ اتھلا اور پتھریلا ہے، جہاں جہاز نہ آگے بڑھ سکتے ہیں اور نہ ہی واپس جا سکتے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق آبنائے کے جنوب میں جزیرہ مصندم اور جزیرہ الخیل کے اطراف کا پانی قدرتی گزرگاہ نہیں بلکہ چٹانوں سے بھرا ہوا ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹ کام نے ایک روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ امریکی پرچم بردار دو تجارتی جہاز کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کر چکے ہیں، تاہم پاسدارانِ انقلاب نے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی قیادت میں قائم جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کی جانب سے جہازوں کو آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی ہدایات دی گئی تھیں، جسے “محفوظ” قرار دیا گیا تھا۔

