آزاد کشمیر انتخابات: 45 حلقوں سے 1265 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع

مظفر آباد(الیکشن کمیشن آزاد کشمیر، سپریم کورٹ آزاد کشمیر)آزاد کشمیر میں عام انتخابات 2026 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہو گیا، جبکہ 45 انتخابی حلقوں سے مجموعی طور پر 1265 امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر کے 33 عام حلقوں میں 1047 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جبکہ مہاجرین کے لیے مختص 12 حلقوں میں 218 امیدوار میدان میں آگئے ہیں۔

ادھر سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے پاکستان تحریک انصاف کی رجسٹریشن سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا سابقہ فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ پاکستان تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت رجسٹر کیا جائے، جس کے بعد پارٹی آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہوگی۔فیصلے کے بعد آزاد کشمیر کی انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے جبکہ مختلف سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔