اسلام آباد میں “جعلی خبروں کے تدارک” پر سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے ذریعے قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ دفاعی و اسٹریٹجک اسٹڈیز اور انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز اسلام آباد کے اشتراک سے “Truth Beyond Borders: Combating Fake News in Conflict Situations” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا۔

تقریب سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل رئیسہ عادل، انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے صدر سفیر جوہر سلیم اور قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ظفر نواز جسپال سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

سیمینار میں پالیسی سازوں، سفارتکاروں، ماہرین تعلیم اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی اور تنازعات کے دوران غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے بڑھتے ہوئے خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔

مقررین نے کہا کہ جعلی خبریں اور پروپیگنڈا اب عوامی رائے اور عالمی سیاسی نتائج پر اثر انداز ہونے کے اہم ذرائع بن چکے ہیں، اس لیے درست معلومات، ذمہ دار صحافت اور ادارہ جاتی مضبوطی ناگزیر ہے۔

شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غلط معلومات سے عوامی اعتماد متاثر ہوتا ہے اور معاشرتی تقسیم میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے تدارک کیلئے میڈیا لٹریسی اور مؤثر پالیسی فریم ورک ضروری ہیں۔سیمینار کے اختتام پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تنازعات کے دوران سچائی اور معلومات کے تحفظ کیلئےعالمی تعاون، مستند بیانیہ اور مضبوط نظام کی ضرورت ہے۔