کابل(نامہ نگار)طالبان نے 15 اگست 2021 کو کابل کا کنٹرول سنبھالنے کی چوتھی سالگرہ منائی، جس کے موقع پر کابل میں پرچم بردار ریلی نکالی گئی۔ گزشتہ برس ہونے والی بگرام ایئربیس کی فوجی پریڈ اس سال بغیر وضاحت منسوخ کر دی گئی۔ کابل اور دیگر شہروں میں طالبان کے جھنڈے لہرائے گئے اور ہیلی کاپٹروں سے پھول برسائے گئے، جبکہ رات کو امریکی سفارتخانے کے قریب آتشبازی ہوئی۔
طالبان کو جولائی میں روس کی جانب سے حکومت کے باضابطہ تسلیم کیے جانے پر حوصلہ ملا، حالانکہ اب تک زیادہ تر ممالک نے انہیں تسلیم نہیں کیا۔ طالبان حکومت پر خواتین پر سخت پابندیوں، تعلیم و روزگار سے محروم کرنے اور دیگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات ہیں، جن پر بین الاقوامی فوجداری عدالت دو رہنماؤں کے وارنٹ جاری کر چکی ہے۔
طالبان کو اندرونی سطح پر منظم مزاحمت کا سامنا نہیں، مگر معیشت کی کمزوری، بین الاقوامی امداد میں کمی اور لاکھوں بے دخل افغانوں کی واپسی جیسے بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔

