امریکا میں بنگلادیشی طالبہ ناہیدہ برسٹی ساتھی طالبعلم سمیت قتل

فلوریڈا (اے پی، رائٹرز)امریکا کی ریاست فلوریڈا میں لاپتہ بنگلادیشی طالبہ ناہیدہ سلطانہ برسٹی کے قتل کی تصدیق ہو گئی، جبکہ ان کے ساتھی طالبعلم جمیل لیمون کی لاش بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

ناہیدہ برسٹی کے بھائی زاہد حسن کے مطابق پولیس نے رہائش گاہ سے ملنے والے انسانی اعضا کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا، جس کے نتائج ناہیدہ سے مطابقت رکھتے ہیں، تاہم مکمل لاش کی برآمدگی سے متعلق صورتحال تاحال واضح نہیں۔

پولیس کے مطابق 27 سالہ جمیل لیمون کی لاش ہاورڈ فرانکلینڈ برج سے ملی، وہ یونیورسٹی میں جغرافیہ، ماحولیاتی سائنس اور پالیسی میں پی ایچ ڈی کر رہے تھے، جبکہ ناہیدہ برسٹی کیمیکل انجینئرنگ کی طالبہ تھیں۔

حکام نے اس کیس میں 26 سالہ حشام صالح ابو غربہ کو گرفتار کر لیا ہے، جو مبینہ طور پر جمیل لیمون کا روم میٹ تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم پر دونوں افراد کے قتل کے الزام میں فرسٹ ڈگری مرڈر کی دفعات عائد کی گئی ہیں اور اس سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اپارٹمنٹ سے بڑی مقدار میں خون ملنے کے بعد خدشہ تھا کہ ناہیدہ برسٹی بھی قتل ہو چکی ہیں، جس کی بعد ازاں ڈی این اے رپورٹ سے تصدیق ہو گئی۔

حکام کے مطابق دونوں طلبہ کو آخری مرتبہ 16 اپریل کو یونیورسٹی کے قریب دیکھا گیا تھا، جس کے بعد اگلے روز ان کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی گئی تھی، جبکہ ملزم کو گھریلو تشدد کی اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔