امریکا کا جدید ترین ایف-35 لڑاکا طیارہ سان ڈیاگو میں گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

سان ڈیاگو(امریکی میرین کور، امریکی میڈیا)امریکا کا جدید ترین ایف 35 لڑاکا طیارہ ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں گر کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ پیراشوٹ کی مدد سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔

امریکی میڈیا کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ طیارہ ایئربیس کے قریب جس مقام پر گرا وہاں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔

رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کرتے ہوئے پیراشوٹ کے ذریعے جان بچالی، جبکہ حادثے کے بعد امدادی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

ایف 35 امریکا کا جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ ہے، جو روایتی انداز کے علاوہ عمودی (ورٹیکل) لینڈنگ اور ٹیک آف کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

تقریباً 50 فٹ لمبا یہ طیارہ امریکی میرین کور، برطانیہ اور اٹلی کی فضائی افواج بھی استعمال کرتی ہیں، جبکہ اس کی مالیت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے۔