امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا مجوزہ دورہ پاکستان مؤخر کر دیا گیا

واشنگٹن/اسلام آباد(سی این این، ایسوسی ایٹڈ پریس)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا پاکستان کا مجوزہ دورہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور میں پیش رفت نہ ہونے اور واشنگٹن میں پالیسی سطح کی مزید مشاورت کے باعث یہ دورہ وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق ایران سے متعلق حکمتِ عملی پر غور کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس جاری رہیں گے جن میں جے ڈی وینس بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق دورہ پاکستان کسی بھی وقت دوبارہ شیڈول کیا جا سکتا ہے تاہم اس وقت حتمی تاریخ طے نہیں کی گئی۔اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا تھا کہ جے ڈی وینس کی پاکستان روانگی کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی تھی، جبکہ بعض رپورٹس میں امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ وہ ایران سے متعلق مذاکرات کے لیے اسلام آباد کا دورہ کر سکتے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان محدود جنگ بندی کی مدت ختم ہونے سے پہلے اسلام آباد میں مذاکرات کی تجویز بھی زیر غور تھی، تاہم ایران کی جانب سے شرکت کے حتمی فیصلے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے بعض ایرانی بحری جہازوں کے خلاف اقدامات کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی ہے، اور مذاکرات سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔