ناگپور(بھارتی میڈیا، خبر ایجنسیاں)بھارت کے شہر ناگپور میں پولیس نے ممبئی سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ بی بی اے کے طالب علم نرمیہ مادھو پکھارے کو بارہویں جماعت کی 16 سالہ طالبہ کو مبینہ طور پر اغوا، تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے گزشتہ سال انسٹاگرام پر “آکاش مہرا” کے جعلی نام سے طالبہ سے دوستی کی۔ بعد ازاں وہ مبینہ طور پر طالبہ کو بلیک میل کرتا رہا اور تعلق ختم کرنے کی صورت میں اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیتا رہا۔
رپورٹس کے مطابق دو روز قبل طالبہ 20 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود گھر واپس نہ آئی اور اس کا موبائل فون بھی بند تھا، جس پر والد نے اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔ پولیس نے تقریباً 20 گھنٹے کی تلاش کے بعد طالبہ کو ناگپور کے علاقے ڈیگھوری میں واقع ایک کرائے کے فلیٹ سے بازیاب کر لیا۔
پولیس کے مطابق طالبہ کی بازیابی کے وقت اس کے ہاتھ اور پاؤں بندھے ہوئے تھے، جبکہ ملزم کے قبضے سے ایک چاقو بھی برآمد کیا گیا۔متاثرہ طالبہ کو طبی معائنے اور علاج کیلئےسرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے مذکورہ فلیٹ کرائے پر حاصل کر رکھا تھا اور اس سے قبل بھی طالبہ کو وہاں لا چکا تھا۔ پولیس نے انسٹاگرام چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ اس کے موبائل فون، انسٹاگرام اکاؤنٹ اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔

