تہران(رائٹرز، اے ایف پی، الجزیرہ، ایرانی عدلیہ، میزان آن لائن)ایران میں اسرائیل سے مبینہ تعلق، جاسوسی اور تخریبی سرگرمیوں کے الزامات پر مزید 3 افراد کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق عرفان کیانی نامی شخص کو جنوری میں احتجاجی مظاہروں کے دوران تخریب کاری اور دہشت پھیلانے کے الزامات میں سزائے موت دی گئی، جسے سپریم کورٹ کی توثیق کے بعد نافذ کر دیا گیا۔
ایرانی عدلیہ کے مطابق سلطان علی شیرزادی کو کالعدم تنظیم پیپلز مجاہدینِ خلق آرگنائزیشن کی رکنیت اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے کے جرم میں پھانسی دی گئی۔ عدالتی بیان میں کہا گیا کہ وہ ایران مخالف کارروائیوں میں ملوث تھا، جبکہ اس تنظیم پر غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں کے لیے پراکسی کے طور پر کام کرنے اور مختلف حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ ’میزان آن لائن‘ کے مطابق سابق جوہری ملازم مہدی فرید کو بھی اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ساتھ تعاون اور ’فساد فی الارض‘ جیسے سنگین جرم میں بدھ کی صبح پھانسی دے دی گئی۔
حکام کے مطابق مقدمے کی سماعت مکمل ہونے اور حتمی فیصلے کی توثیق کے بعد سزا پر عمل درآمد کیا گیا۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو ملک میں بدامنی، جاسوسی اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تھا، جبکہ حالیہ عرصے میں ایسے مقدمات میں سزاؤں کا سلسلہ تیز ہوا ہے۔

