ایران نےٹرمپ کی دھمکیوں اور بدزبانی کو توہین قراردیدیا

تہران ( میزان نیوز ایجنسی، ایرانی میڈیا)ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دھمکی آمیز بیانات اور زبان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے اہلِ ایران کی توہین قرار دیا ہے۔ایرانی عدلیہ سے وابستہ خبر ایجنسی میزان کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی استقامت اور مزاحمت نے صدر ٹرمپ کو انتہائی اشتعال اور غیر متوازن رویے تک پہنچا دیا ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ امریکی صدر کی جانب سے استعمال کی گئی زبان غیر مہذب اور ناقابلِ قبول ہے، جو نہ صرف ایران بلکہ اس کے عوام کی بھی توہین کے مترادف ہے۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔انہوں نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اسے کھولا جائے، بصورت دیگر سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔