واشنگٹن(بین الاقوامی میڈیا)امریکی انٹیلیجنس ایجنسی سی آئی اے کی ایک خفیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران امریکی بحری ناکہ بندی کو کم از کم 3 سے 4 ماہ تک برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کے بعد ہی اسے شدید معاشی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق یہ رپورٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ کے جلد خاتمے سے متعلق پرامید بیانات پر سوالات اٹھا رہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید بمباری کے باوجود ایران اپنے تقریباً 75 فیصد موبائل میزائل لانچرز اور 70 فیصد میزائل ذخیرے کو محفوظ رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔
سی آئی اے کے مطابق ایرانی حکومت نے زیرِ زمین میزائل سائٹس دوبارہ فعال کر لی ہیں، تباہ شدہ میزائلوں کی مرمت کی جا رہی ہے جبکہ نئے میزائل بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے زیادہ تر میزائل تباہ ہو چکے ہیں اور شاید صرف 18 یا 19 فیصد باقی رہ گئے ہیں، تاہم سی آئی اے کی رپورٹ اس دعوے سے مختلف تصویر پیش کر رہی ہے۔
امریکی حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران کی مشکلات برداشت کرنے کی صلاحیت ابتدائی اندازوں سے زیادہ ثابت ہوئی ہے۔ ایک امریکی اہلکار کے مطابق ایرانی قیادت اب پہلے سے زیادہ سخت اور پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔

