اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نےپاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز(پی آئی اے) کے چیف فنانشل آفیسر کو خط ارسال کرتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں سے کٹے گئے ٹیکس کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق فروری 2026ء سے ملازمین کی تنخواہوں سے منہا کیا گیا انکم ٹیکس قومی خزانے میں جمع نہیں کرایا گیا، جو ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ فروری 2026ء سے اب تک تقریباً 2 ارب روپے کی رقم بطور ٹیکس کاٹی گئی، تاہم اسے متعلقہ حکام کے پاس جمع نہیں کرایا گیا۔ ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ قابلِ ٹیکس آمدن پر کٹا ہوا ٹیکس فوری طور پر جمع کرایا جائے۔
دوسری جانب ایف بی آر نے انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی کے معاملے پر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے ملازمین کو بھی نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر اس معاملے کی جانچ کر رہا ہے اور ٹیکس واجبات کی وصولی کیلئےقانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

