برطانیہ میں مستقل رہائش کی درخواستوں میں 18 فیصد اضافہ ہوگیا

لندن(رائٹرز، بی بی سی، دی گارڈین)برطانیہ میں مستقل رہائش (سیٹلمنٹ) حاصل کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق جون 2025ء میں ختم ہونے والے سال کے دوران 163353 سیٹلمنٹ گرانٹس جاری کی گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 18 فیصد زیادہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2018ء کے بعد سے سیٹلمنٹ گرانٹس میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، تاہم 2025ء کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) میں اس شرح میں معمولی کمی بھی نوٹ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 39946 گرانٹس ایسے افراد کو دی گئیں جنہیں پناہ گزین، انسانی تحفظ یا خصوصی بنیادوں پر رہائش حاصل تھی، جبکہ خاندانی بنیادوں پر 45170 افراد کو مستقل رہائش دی گئی، جو مارچ 2014ء کے بعد دوسری بڑی سالانہ تعداد ہے۔

اسی طرح ورک روٹ کے تحت 59766 گرانٹس جاری کی گئیں جبکہ 18471 گرانٹس دیگر کیٹیگریز میں شامل افراد کو دی گئیں۔ماہرین کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ معیار پر پورا اترنے والے افراد ہی ان گرانٹس کے اہل ہوتے ہیں، اور سیٹلمنٹ ملنے کے بعد افراد کو برطانیہ میں غیر معینہ مدت تک قیام کی اجازت حاصل ہو جاتی ہے۔