بلال اکبر خان کا پریس کلب ممبران کیلئے الیکٹرک سکوٹیز آسان اقساط پر دینے کا اعلان

لاہور(نامہ نگار)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے لاہور پریس کلب کے پروگرام “گیسٹ آف آنر” میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کی آمد پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور ممبر گورننگ باڈی الفت مغل نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس وقت صوبے میں 500 الیکٹرک بسیں مختلف شہروں میں چل رہی ہیں جبکہ مزید 600 الیکٹرک بسیں آئندہ سال مئی تک شامل کر لی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے بجٹ میں مزید 1500 الیکٹرک بسیں سسٹم کا حصہ بنائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میٹرو منصوبہ دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ فیصل آباد میٹرو بس سروس آئندہ سال تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ لاہور میں چار ٹرام سروسز شروع کرنے کا منصوبہ بھی حتمی مراحل میں ہے جن کے روٹس طے کیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح مری میں گلاس ٹرین منصوبہ بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کے روٹ پرمٹ کا اجراء اب مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے جبکہ ایک دن میں صرف ایک چالان کی پالیسی پر بھی نیا سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔ ریلوے کے ساتھ مل کر چار پرانے روٹس بحال کرنے اور لاہور سے راولپنڈی کے درمیان ہائی اسپیڈ ریل کے فیزیبلٹی پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت فراہم کی جا رہی ہے جس سے روزانہ تقریباً 14 لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں اور ہدف ہے کہ یہ تعداد 40 سے 50 لاکھ روزانہ تک پہنچائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ فری ٹرانسپورٹ کے استعمال کیلئے شناختی کارڈ کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔

بلال اکبر خان نے کہا کہ اوورلوڈنگ کے خاتمے اور لوڈ مینجمنٹ کیلئے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ پنجاب میں رجسٹرڈ پانچ ہزار ڈمپرز کی باڈی ریگولیشن پر بھی کام جاری ہے۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے لاہور پریس کلب کے ممبران کیلئےالیکٹرک سکوٹیز آسان اقساط پر فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں صدر ارشد انصاری نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔