بلوچستان: آپریشن شعبان جاری، مزید 17 خارجی دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (آئی ایس پی آر)مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے شروع کیا گیا “آپریشن شعبان” بدستور جاری ہے، جس کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 17 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے علاوہ آج صبح ضلع خضدار کے ایک علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش بھی سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور ایف سی کے دستوں نے پہاڑوں میں چھپے خارجی دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید 4 خارجی ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 43 ہو گئی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ہیلی کاپٹر آپریشنز میں بھی 5 سے 6 دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کے دوران مجموعی طور پر 79 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے اور کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔