بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 19 دہشت گرد ہلاک، 11 اہلکار شہید

راولپنڈی/کوئٹہ (آئی ایس پی آر/اے پی پی) بلوچستان میں قومی شاہراہ این-25 پر جھاؤ کراس اور کرارو کے درمیان سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 19 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 11 جوان شہید ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد شاہراہ پر مسافروں اور مقامی شہریوں سے بھتہ وصول کرنے اور علاقے میں دہشت پھیلانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فورسز نے کارروائی کی تو دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 19 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہو کر فرار ہوئے۔ علاقے میں فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 11 اہلکار وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ شہداء کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال، قومی شاہراہوں اور بلوچستان کے امن و استحکام کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور صوبے میں بدامنی پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

تاحال اس کارروائی سے متعلق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے باضابطہ تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ مزید معلومات سامنے آنے پر تفصیلات میں اضافہ متوقع ہے۔