ڈھاکا (نمائندہ خصوصی) بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کی جانب سے ایک بنگلادیشی کسان کو حراست میں لیے جانے کے بعد بنگلادیشی دیہاتیوں نے سرحد کے قریب سے دو بھارتی کسانوں کو حراست میں لے کر بنگلادیش منتقل کردیا، جس کے بعد دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے درمیان ہنگامی مذاکرات ہوئے۔
واقعہ بھارتی ریاست مغربی بنگال اور بنگلادیش کے سرحدی علاقے میہرپور صدر میں پیش آیا، جہاں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے 70 سالہ بنگلادیشی کسان عبدالمنان کو اپنے کھیت میں اسپرے کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔
عبدالمنان کی گرفتاری کے بعد ان کے اہل خانہ اور مقامی دیہاتیوں نے بھارتی فورسز سے ان کی رہائی کی درخواست کی، تاہم بھارتی فورسز نے انہیں رہا کرنے سے انکار کردیا۔
عبدالمنان کے پوتے ابراہیم خلیل اللہ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ بزرگ کسان کی رہائی سے انکار کے بعد علاقے کے لوگوں میں شدید غصہ پیدا ہوگیا، جس کے بعد دیہاتیوں نے سرحد کے قریب سے دو بھارتی کسانوں کو حراست میں لے کر بنگلادیش منتقل کیا اور انہیں بارڈر گارڈ بنگلادیش کے حوالے کردیا۔
واقعے کے بعد بارڈر گارڈ بنگلادیش اور بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے درمیان سرحد کی زیرو لائن پر ہنگامی فلیگ میٹنگ ہوئی۔
بی جی بی بٹالین کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل نجم الحسن نے تصدیق کی کہ مذاکرات کے بعد بنگلادیشی کسان عبدالمنان کو بنگلادیشی حکام کے حوالے کردیا گیا، جبکہ بنگلادیشی دیہاتیوں کی تحویل میں موجود دونوں بھارتی کسانوں کو بھی بحفاظت بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے سپرد کردیا گیا۔
حکام کے مطابق فریقین کی جانب سے شہریوں کی واپسی کے بعد سرحدی صورتحال معمول پر آگئی۔

