بہت جلد آبنائے ہرمز کو امریکا کا علاقہ قرار دینے کا اعلان کروں گا: ٹرمپ

واشنگٹن (رائٹرز، دی گارڈین، مارکیٹ واچ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد آبنائے ہرمز کو امریکا کا علاقہ قرار دینے کا اعلان کریں گے، جبکہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف تاریخ کی سخت ترین معاشی پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران کو شکست دے دی گئی تو امریکا آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کرے گا۔ انہوں نے ایران کو شدید اقتصادی نقصان پہنچانے کا بھی عندیہ دیا۔ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکا کی موجودہ کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس اہم آبی گزرگاہ پر مؤثر طور پر کنٹرول رکھتا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ امریکا ایران کے خلاف ایسی معاشی کارروائیاں کرے گا جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی پابندیوں کا مقصد تہران پر اقتصادی دباؤ مزید بڑھانا ہے۔بیسنٹ کے مطابق امریکا ایران کے خلاف اقتصادی پابندیوں اور آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی کے ذریعے دباؤ بڑھا رہا ہے، جبکہ نئی اور مزید سخت کارروائیوں کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کے ذریعے عالمی تیل کی ایک بڑی مقدار کی ترسیل ہوتی ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہونے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔