حوثیوں کی باب المندب سے گزرنےوالے جہازوں پر فیس عائد کرنے کی تردید

صنعا (حوثیوں کا ایچ او سی سی، رائٹرز) حوثیوں کے زیرِ انتظام ہیومینیٹیرین آپریشنز کوآرڈینیشن سینٹر (ایچ او سی سی) نے آبنائے باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر فیس عائد کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ایچ او سی سی کے بیان کے مطابق باب المندب سے جہازوں کی آمد و رفت بدستور بلا معاوضہ جاری ہے اور محفوظ گزرگاہ کی سہولت رضاکارانہ اور مکمل طور پر مفت ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ باب المندب سے گزرنے کے عوض رقم طلب کرنے والا کوئی بھی فرد یا ادارہ یمن یا ایچ او سی سی کی کسی بھی حیثیت میں نمائندگی نہیں کرتا۔حوثی حکام نے شپنگ کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ کسی غیر مجاز فرد یا ادارے کو نہ کوئی ادائیگی کریں اور نہ ہی کوئی معلومات فراہم کریں۔

چند روز قبل رائٹرز نے علاقائی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ حوثی باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر فیس عائد کرنے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں، تاہم ایچ او سی سی نے اس خبر کی باضابطہ تردید کر دی ہے۔