فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے انقرہ میں اہم ملاقات

انقرہ (ترک ایوانِ صدر / آئی ایس پی آر)چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دو روزہ سرکاری دورۂ ترکیہ کے دوران انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کی۔

ترک ایوانِ صدر کے مطابق یہ ملاقات انقرہ ایئرپورٹ پر اس وقت ہوئی جب صدر اردوان قطر کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے والے تھے۔ ملاقات بند کمرے میں ہوئی، جس میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراوغلو اور قومی انٹیلی جنس ادارے (ایم آئی ٹی) کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے۔

سرکاری طور پر ملاقات کی اندرونی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سفارتی اور دفاعی حلقوں کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک۔ترک دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، علاقائی سلامتی، مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں میں دفاعی تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی پیداوار، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری منصوبوں اور عسکری تربیت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراوغلو سے ملاقات کی تھی، جہاں انہیں ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے فوجی روابط، دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔