لاس اینجلس ایئرپورٹ پر ڈیلٹا طیارہ ایئر کینیڈا کے طیارے سے ٹکرا گیا

لاس اینجلس(خبر ایجنسیاں) امریکی شہر لاس اینجلس کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر روانگی کیلئےٹیکسی کرنے والے ڈیلٹا ایئر لائنز کے طیارے کا بازو ٹورنٹو سے آنے والے ایئر کینیڈا کے طیارے سے ٹکرا گیا۔امریکی وفاقی ہوابازی انتظامیہ کے مطابق واقعہ منگل کی صبح ساڑھے 10 بجے پیش آیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

وفاقی ہوابازی انتظامیہ کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز نمبر 7، جو ایئربس اے 350 طیارہ تھا، روانگی کے لیے ٹیکسی کررہا تھا کہ اس کے بائیں بازو کا سرا ایئر کینیڈا کی پرواز اے سی 785 کے بوئنگ 777 طیارے کے افقی دم والے حصے سے ٹکرا گیا۔

ایئر کینیڈا کا طیارہ اپنی مقررہ جگہ کے قریب پہنچنے سے قبل کھینچ کر لے جایا جارہا تھا کہ اسے روک دیا گیا۔واقعے کے دوران ایئر کینیڈا کے طیارے کے پائلٹ نے فضائی ٹریفک کنٹرولر کو بتایا کہ انہیں طیارے میں جھٹکا محسوس ہوا اور دریافت کیا کہ آیا طیارہ بظاہر ٹھیک ہے۔

ڈیلٹا کے پائلٹ نے بھی فضائی ٹریفک کنٹرولر کو اطلاع دی کہ وہ بازو کے سرے میں مسئلے کے باعث طیارہ روک رہے ہیں۔دونوں فضائی کمپنیوں نے تصدیق کی ہے کہ دونوں طیاروں کا آپس میں رابطہ ہوا تاہم حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

ڈیلٹا ایئر لائنز کے مطابق اس کے طیارے میں 275 مسافر اور عملے کے 15 ارکان سوار تھے۔ایئر کینیڈا نے طیارے کو معائنے اور ضروری مرمت کے لیے سروس سے ہٹا دیا ہے، جبکہ ڈیلٹا ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ اس کے فنی ماہرین اور ایئرپورٹ ٹیمیں طیارے کا جائزہ لے رہی ہیں۔