فتح 4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا:آئی ایس پی آر

اسلام آباد(آئی ایس پی آر) پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتح 4 کے توسیعی ورژن میں جدید ایوانکس اور جدید ترین نیوی گیشنل معاونت شامل ہے، میزائل نظام توسیعی فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کے دوران بہتر درستگی اور بقا کی صلاحیت میں اضافے کے لیے میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی جانچ کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میزائل کا کامیاب تجربہ پاک فوج کے سینئر افسران کے ساتھ اسے تیار کرنے والے ادارے کے سائنسدانوں اور انجنیئرز نے بھی دیکھا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے فتح 4 کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سائنسدانوں، انجنیئرز اور اس کی تیاری و تجربے میں حصہ لینے والے تمام افراد کی تکنیکی مہارت، محنت اور عزم کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل رواں سال مئی میں بھی فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا گیا تھا، جبکہ ستمبر 2025 میں فتح 4 میزائل کا 750 کلومیٹر فاصلے تک تربیتی تجربہ کیا گیا تھا۔ تاہم تازہ تجربے میں توسیعی ورژن کی نئی حدِ مار ظاہر نہیں کی گئی۔