بھارتی اپوزیشن کا چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کا مطالبہ، راہول اور پریانکا گاندھی گرفتاری ورہائی

نئی دہلی(رائٹرز، اے ایف پی) بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے ووٹر فہرستوں میں نظرثانی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔

اپوزیشن اتحاد کے ارکان نے کانگریس رہنما راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی کی قیادت میں پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن کے دفتر تک احتجاجی مارچ کیا، تاہم پولیس نے الیکشن کمیشن کے ہیڈکوارٹرز کی جانب جانے والے راستے رکاوٹیں لگا کر بند کردیئے۔

مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کی، اس دوران راہول گاندھی پولیس کی رکاوٹ پر چڑھ گئے اور احتجاج میں شریک دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ الیکشن کمیشن کی جانب بڑھنے کی کوشش کی۔

پولیس نے احتجاجی مارچ روکنے کے دوران راہول گاندھی، پریانکا گاندھی اور دیگر اپوزیشن ارکان کو حراست میں لے لیا، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا۔

اپوزیشن جماعتیں ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کے عمل پر اعتراض کرتے ہوئے اسے روکنے اور مبینہ طور پر حذف کیے گئے ووٹروں کے نام بحال کرنے کا مطالبہ بھی کر رہی ہیں، جبکہ بھارتی الیکشن کمیشن ان اعتراضات کی تردید کرتا ہے۔