اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز سے نواز دیا گیا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز سے نواز دیا گیا۔ایوان صدر اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں صدر آصف علی زرداری نے انہیں نشان امتیاز عطا کیا۔

تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے ارکان اور مختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔

انتونیو گوتریس 6 اکتوبر کو پاکستان پہنچے ہیں اور 8 اکتوبر تک تین روزہ سرکاری دورے پر رہیں گے۔ یہ 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کا ان کا پہلا دورہ ہے۔

دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کریں گے۔

انتونیو گوتریس اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان کے صدر دفتر کا دورہ بھی کریں گے، جبکہ قومی ادارہ برائے قدرتی آفات میں پاکستان کی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قدرتی آفات کے خلاف استعداد کار میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔

اقوام متحدہ کے مطابق گوتریس 8 اکتوبر کو پاکستان سے نیویارک واپس جائیں گے۔