لاہور: کاہنہ میں چھت گرنے سے جاں بحق ہونیوالے 14 بچوں کی تدفین کردی گئی

لاہور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)لاہور کے علاقہ کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے جاں‌بحق ہونیوالے 14 بچوں کی نمازجنازہ میں لواحقین، اہلِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سوگوار ماحول میں 7 بچوں کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا، جبکہ باقی بچوں کی تدفین بھی آبائی علاقوں میں کی گئی۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 4 سے 10 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز کاہنہ میں‌ایک ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کیلئےفوری امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ انتظامیہ کے مطابق شدید زخمی ایک بچے اور ٹیوشن سینٹر کی خاتون معلمہ کو اعصابی چوٹوں کے باعث خصوصی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ دیگر زخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے وقت ٹیوشن سینٹر میں 35 کے قریب بچے موجود تھے، جن میں سے 33 ملبے تلے دب گئے۔ امدادی کارروائی کے دوران تمام متاثرین کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے وقت عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا جبکہ نچلی منزل پر بچوں کو پڑھایا جا رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہی پہلو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ ٹیوشن سینٹر چلانے والے افراد اور عمارت کے مالک سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ اگر غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے تعین اور قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔