لاہور: گلبرگ تھری میں مبینہ تشدد سے 12 سالہ گھریلو ملازمہ جاں بحق، مقدمہ درج

لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور کے علاقے گلبرگ تھری میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ کنیز فاطمہ مبینہ تشدد کے باعث جاں بحق ہو گئی، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد جاوید کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق جاوید، جو جڑانوالا کے رہائشی ہیں، نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی گلبرگ تھری میں صوفی اعجاز کے گھر میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی۔

ان کے مطابق گھر کے مالک کی بہو نے انہیں فون کر کے فوری طور پر لاہور کے ایک اسپتال پہنچنے کا کہا۔ جب وہ اسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔

مقتولہ کے والد نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔پولیس نے والد کی درخواست پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔