ماسکو: ایک کیفے کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ،21 زخمی

ماسکو(رائٹرز، اے پی، روسی میڈیا)روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کیفے کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 21 دیگر زخمی ہوگئے۔رائٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس اور روسی میڈیا کے مطابق ایک نامعلوم خاتون دھماکا خیز مواد کیفے میں لے جانے کی کوشش کر رہی تھی، تاہم داخلی راستے پر موجود سیکیورٹی گارڈ نے اسے روک کر تلاشی لینا چاہی تو دھماکا ہوگیا۔

روسی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دھماکا خیز مواد لانے والی خاتون، سیکیورٹی گارڈ اور کیفے میں موجود ایک شخص شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے 21 افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق دھماکے کے وقت کیفے میں ایک نجی تقریب جاری تھی۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ حملہ آور خاتون کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔