مردان (نامہ نگار)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مردان کیلئے 50 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کر دیا۔مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر، اسد قیصر اور وزیراعلیٰ نے پارٹی مؤقف اور سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر تحریک چلائی جائے گی اور دن کی روشنی میں جلسہ اس لیے کیا گیا تاکہ عوامی حمایت واضح ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جلسے نے بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت کو ثابت کر دیا ہے اور اسی موقع پر مردان کے لیے 50 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو اسپتال منتقل کرنے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا اور ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔
اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ وہ 26ویں یا 27ویں ترمیم کو قبول نہیں کریں گے اور نہ ہی 28ویں ترمیم کو ہونے دیں گے، جبکہ ناجائز طور پر اقتدار میں آنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ناحق جیل میں رکھا گیا ہے اور بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ کیس سے کوئی تعلق نہیں، انہیں بہتر طبی سہولیات کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔

