معاہدہ کسی ملک کیخلاف نہیں، یو این چارٹر کے مطابق دفاع کے حق کی توثیق کرتا ہے: ترک صدر

مکہ مکرمہ(نمائندہ خصوصی+سوشل میڈیا) سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا اہم بیان جاری کردیا گیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ آج سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی پُرخلوص دعوت پر ہم نے مکہ مکرمہ کا دورہ کیا۔

ترک صدر نے مزید کہا کہ دورے کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم نے تینوں ممالک کے درمیان ایک مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، اجتماعی دفاعی صلاحیت پر مبنی یہ معاہدہ ہماری سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔

صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ یہ معاہدہ دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر تعاون میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ترک صدر نے کہا کہ یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں بیان کردہ دفاع کے حق کی بھی توثیق کرتا ہے، یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ یہ معاہدہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے خواہاں تمام برادر ممالک کی شمولیت کے لیے کھلا ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ بات چیت اور سفارتکاری سے تنازعات اور بحرانوں کو حل کرنے کے اصولی مؤقف پر گامزن رہے گا، اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں معاہدہ ہمارے پورے خطے کیلئےخیر، برکت، امن اور استحکام کا ذریعہ بنے۔