کراچی (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو میں 26 اکتوبرکو ہونیوالے میونسپل انتخابات کیلئے شہر ملٹن میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جہاں تین پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں ندیم اکبر کھٹانہ، سمیرا علی اور زینب عظیم نے میئر کے عہدے کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اونٹاریو بھر میں بلدیاتی انتخابات کیلئےکاغذات نامزدگی جمع کروانے کا عمل یکم مئی سے شروع ہو چکا ہے، جو 21 اگست تک جاری رہے گا، جبکہ ووٹنگ 26 اکتوبر کو ہوگی۔
الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ میونسپل انتخابات میں میئر، سٹی کونسلرز اور اسکول بورڈ ٹرسٹیز کے عہدوں کے لیے امیدوار حصہ لیتے ہیں، اور یہ انتخابات مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ملٹن میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں نمائندگی کے باعث تینوں امیدواروں کی جانب سے میئر کے عہدےکیلئے میدان میں آنا ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کمیونٹی حلقوں میں اس حوالے سے خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق کینیڈا میں تارکین وطن کی سیاست میں بڑھتی ہوئی شمولیت مقامی جمہوری نظام کو مزید متحرک بنا رہی ہے اور مختلف برادریوں کی آواز کو مؤثر انداز میں آگے لا رہی ہے۔

