نئی دہلی/راجستھان(بھارتی میڈیا، رائٹرز، اے ایف پی)بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے افتتاح سے قبل ریاست راجستھان میں قائم ایک بڑے ریفائنری منصوبے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آگ لگنے کے بعد فضا میں سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے اور قریبی علاقوں میں ہلچل مچ گئی، جس کے باعث افتتاحی تقریب عارضی طور پر ملتوی کر دی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ ریاست راجستھان میں قائم بھارت کا پہلا بڑا گرین فیلڈ انٹیگریٹڈ ریفائنری و پیٹروکیمیکل کمپلیکس ہے، جو ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لیمٹڈ اور حکومتِ راجستھان کا مشترکہ منصوبہ ہے۔

