میر رضا قتل کیس، 88 روز سے جاری احتجاج ختم، جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ پورا ہوگیا

کراچی (نمائندہ خصوصی) نوجوان تاجر میر رضا کے مبینہ قتل کے خلاف 88 روز سے جاری احتجاج اختتام پذیر ہوگیا۔ مقتول کے والد میر حسین نے کہا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا مطالبہ پورا ہونے کے بعد احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میر حسین نے کہا کہ وہ ابتدا ہی سے اپنے بیٹے کے قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کررہے تھے، اب یہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے، جس کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

احتجاج کے اختتام پر موجود جماعت اسلامی کے رہنما سیف الدین ایڈووکیٹ نے بتایا کہ میر رضا کے آؤٹ لیٹ کے قریب واقع بس اسٹاپ کو مقتول کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس موقع پر مقتول کے لواحقین نے کیس میں معاونت اور اپنا کردار ادا کرنے والے تمام اداروں، صحافیوں اور وکلا کا شکریہ بھی ادا کیا۔