ڈیرہ اسماعیل خان (آئی ایس پی آر) سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 2 اہلکار بھی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خارجیوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 36 سالہ نائیک غلام مرتضیٰ اور 30 سالہ سپاہی تاثیر احمد نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خارجی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، معصوم شہریوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید خارجیوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ملک سے غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
شہید نائیک غلام مرتضیٰ کا تعلق ضلع گجرات جبکہ سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور جرأت پر فخر ہے۔

