واشنگٹن (خبر ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا آج ایران پر حملہ نہیں کرے گا، تاہم انہوں نے مستقبل میں فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس سے مشی گن روانگی کے موقع پر صحافیوں نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا امریکا آج ہی ایران پر حملہ کر سکتا ہے؟ اس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ آج کوئی حملہ نہیں ہوگا۔
اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کرنے یا معاہدے کا راستہ اختیار کرنے کے بارے میں فیصلہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے خلاف کارروائی جاری رکھنے یا معاہدہ کرنے، دونوں امکانات پر غور کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے جوہری مقامات کی امریکی نگرانی جاری ہے اور وہاں فی الحال زیادہ سرگرمی نظر نہیں آ رہی۔ دوسری جانب ایرانی حکام نے کہا ہے کہ تہران مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم کسی بھی نئی فوجی کارروائی کی صورت میں اپنے دفاع کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہے۔
ٹرمپ کے تازہ بیان سے آج حملے کا خدشہ تو ٹل گیا ہے، تاہم ایران کے خلاف مستقبل کی امریکی پالیسی اور ممکنہ فوجی کارروائی کے بارے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

