مولانا فضل الرحمان اقتدار نہ ملنے پر ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں: رانا سکندر حیات

لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار میں حصہ نہ ملنے پر وہ ملکی سالمیت پر حملہ آور ہیں، شہداء کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان نے ان کے لیے کیا کیا ہے؟ مشکل وقت میں قوم کو متحد کرنا ان کی ذمہ داری ہے، شہداء اور آئین پر حملے بند کیے جائیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سلمیٰ بٹ نے کہا کہ تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں خیبر پختونخوا میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔ صوبے کے 26 اضلاع دہشت گردی کے باعث ہائی الرٹ پر ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کی قربانیوں کو کسی صورت جھٹلایا نہیں جاسکتا۔

سلمیٰ بٹ نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ بدامنی کی فضا کو امن میں تبدیل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔