نیتن یاہو سے یونیورسٹی پر بمباری کا مطالبہ کرنے پر امریکی طالبہ گرفتار

فلوریڈا (امریکی میڈیا رپورٹس)امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک یونیورسٹی کی طالبہ کو اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو سے متعلق مبینہ طور پر دھمکی آمیز پیغام شیئر کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق طالبہ نے واٹس ایپ گروپ چیٹ میں لکھا کہ نیتن یاہو اگر میری آواز سن سکتے ہیں تو اوشن بینک کانووکیشن سینٹر پر کچھ بم گرا دیں۔ یہ گروپ تقریباً 215 طلبہ پر مشتمل تھا جہاں یونیورسٹی کے ایک آئندہ پروگرام پر گفتگو جاری تھی۔

یونیورسٹی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس پیغام کو ممکنہ سیکیورٹی تھریٹ سمجھتے ہوئے فوری کارروائی کی اور طالبہ کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق اس نوعیت کے پیغامات کو امریکی قوانین کے تحت انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے، چاہے انہیں مذاق یا طنز کے طور پر ہی کیوں نہ لکھا گیا ہو۔رپورٹس کے مطابق اگر الزامات ثابت ہو گئے تو طالبہ کو 15 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔