ٹرمپ کی ایران کو معاہدے کیلئے منگل رات 8 بجے کی ڈیڈ لائن

واشنگٹن (عرب میڈیا، اے بی سی نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کیلئے دی جانے والی ڈیڈ لائن کا وقت واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگل رات 8 بجے (ایسٹرن ٹائم) حتمی وقت ہوگا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے ڈیڈ لائن کا اعلان کیا، جبکہ عرب میڈیا کے مطابق یہ وقت ایران میں رات 3 بجکر 30 منٹ اور پاکستان میں بدھ کی صبح 5 بجے کے مساوی بنتا ہے۔

اس سے قبل ایک امریکی اخبار سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ جنگ کے خاتمے کیلئے کوئی حتمی ٹائم لائن نہیں دے سکتے، تاہم انہوں نے ایران کو خبردار کیا کہ اگر منگل کی شام تک آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو ایرانی پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔

امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران نے مقررہ وقت تک پیش رفت نہ کی تو ان کے بجلی گھر اور پل بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ادھر امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کا تنازع ہفتوں نہیں بلکہ دنوں میں ختم ہونا چاہیے، اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی زمینی فوج بھیجنا ضروری نہیں، تاہم اسے مکمل طور پر خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معاہدہ کل بھی ہوسکتا ہے اور نہیں بھی، انہیں ایرانی قیادت کے فیصلوں کا کوئی اندازہ نہیں۔