ٹرمپ کے پاس ایران جنگ ختم کرنے کی حکمت عملی نہیں: کاملا ہیریس

واشنگٹن( رائٹرز، اے پی، اے ایف پی، سی این این)امریکا کی سابق نائب صدر کاملا ہیریس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ایران سے جاری جنگ ختم کرنے کے لیے کوئی واضح حکمت عملی موجود نہیں۔

اپنے بیان میں کاملا ہیریس نے کہا کہ ٹرمپ ایران میں جنگی جرائم کی باتیں اور پوری تہذیب مٹانے جیسی دھمکیاں دے رہے ہیں، کیونکہ ان کی اپنی پالیسیوں کے باعث ایک تباہ کن جنگ شروع ہوئی، جسے وہ اب سنبھالنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مکروہ عمل ہے جسے امریکی عوام کی حمایت حاصل نہیں،صدر ٹرمپ کی لاپروائی امریکی فوجیوں کی جانوں کو غیر ضروری خطرات سے دوچار کر رہی ہے اور عالمی سطح پر امریکا کا تشخص بھی متاثر ہو رہا ہے۔

کاملا ہیریس کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کے باعث امریکی شہری مہنگائی کے دباؤ کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔سابق نائب صدر نے مطالبہ کیا کہ امریکی عوام کو اس صورتحال کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور اس جنگ کے لیے فنڈنگ کی مخالفت کرنی چاہیے، جسے انہوں نے غیرقانونی قرار دیا۔