ٹورنٹو سے کراچی جانے والا پی آئی اے طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث مسافروں کے بغیر پاکستان روانہ

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) ٹورنٹو سے کراچی جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 784 کا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث مسافروں کے بغیر اپنی بیس کیلئے روانہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ٹورنٹو ایئرپورٹ پر طیارے میں تکنیکی نقص کی نشاندہی کے بعد اسے پرواز کیلئےغیر موزوں قرار دیا گیا، جس کے بعد طیارے کی مکمل جانچ اور ضروری تکنیکی مرمت پاکستان میں بیس پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو مسافروں کے بغیر پاکستان روانہ کردیا گیا ہے، جہاں مکمل تکنیکی معائنے اور مرمت کے بعد اسے دوبارہ پروازوں کیلئےاستعمال کیے جانے کا امکان ہے۔

پی کے 784 کے ذریعے کراچی جانے والے 148 مسافروں کیلئےمتبادل سفری انتظامات کیے گئے ہیں اور انہیں کل کی پرواز کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچایا جائے گا۔

پرواز پی کے 784 گزشتہ روز ٹورنٹو سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی تھی تاہم فائر الارم کی وارننگ کے باعث اسے کچھ دیر بعد ٹورنٹو واپس آنا پڑا تھا۔ طیارے کے واپس پہنچنے کے بعد تکنیکی ٹیم نے اس کا معائنہ کیا، جس کے نتیجے میں اسے مزید پرواز کیلئےغیر موزوں قرار دیا گیا۔