نیویارک (نمائندہ خصوصی) پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر بوسٹن کے زیرِ اہتمام پاکستان کے یومِ آزادی کے سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نیو انگلینڈ بھر سے بڑی تعداد میں پاکستانی امریکیوں نے شرکت کی۔ پاکستان کے قونصل جنرل نیویارک عامر احمد اتوزئی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور قیامِ پاکستان کیلئےجدوجہد اور قربانیاں دینے والے بانیانِ پاکستان اور دیگر شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں اور وطنِ عزیز کے درمیان مضبوط تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی پاکستان اور امریکا دونوں کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب میں شرکا نے ملی جوش و جذبے کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کے ساتھ کمیونٹی کے مسلسل رابطے اور تعاون پر بھی زور دیا گیا۔

