پیپلز پارٹی کے امجد حسین بلامقابلہ گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب

گلگت(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عمران ندیم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں امجد حسین ایڈووکیٹ کی بطور وزیراعلیٰ کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جبکہ ایوان میں موجود تمام ارکان نے امجد حسین ایڈووکیٹ کی حمایت کی۔امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کے پانچویں وزیراعلیٰ ہیں اور ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے۔

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے عمران ندیم گلگت بلتستان اسمبلی کے نئے اسپیکر جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کفایت الرحمان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔

سبکدوش ہونے والے اسپیکر نذیر احمد نے نو منتخب اسپیکر عمران ندیم سے عہدے کا حلف لیا، جس کے بعد انہوں نے اسپیکر کی نشست عمران ندیم کے سپرد کر دی۔بعد ازاں اسپیکر عمران ندیم نے نو منتخب ڈپٹی اسپیکر کفایت الرحمان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔