چین: آتش بازی کے پلانٹ میں دھماکا، 26 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

بیجنگ ( ژنہوا، چائنا ڈیلی)چین کے وسطی صوبے ہینان میں آتش بازی کے ایک پلانٹ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے۔چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق دھماکا سہ پہر چانگشا کے زیرِ انتظام کاؤنٹی سطح کے شہر لیویانگ میں قائم ایک فیکٹری میں ہوا، جو ہواشینگ فائر ورکس مینوفیکچرنگ اینڈ ڈسپلے کمپنی کے زیرِ انتظام چل رہی تھی۔

چانگشا کے میئر چن بوزہنگ نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر امدادی اور ریسکیو کارروائیاں بڑی حد تک مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق دھماکے کے باعث متعدد عمارتیں منہدم یا شدید متاثر ہوئیں، جبکہ جائے حادثہ کے مختلف حصوں سے اب بھی سفید دھواں اٹھتا دیکھا جا رہا ہے۔واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔